پاکستان کی مارشل آرٹسٹ فاطمہ نسیم نے نئی تاریخ رقم کردی، کراچی کی 7 سالہ بیٹی نے بھارت کو شکست دے کر ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 7 سالہ فاطمہ نسیم نے بھارتی کھلاڑی شورتی ایس کو شکست دے کر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کروا لیا ہے۔ گنیز ورلڈ ریکارڈ میں فاطمہ نسیم کو دُنیا کی سب سے کم عمر مارشل آرٹسٹ کھلاڑی قرار دیا گیا۔
فاطمہ نسیم نے 1 منٹ میں دونوں ہاتھوں سے 211 بار کہنی مارنے کا بھارتی ریکارڈ توڑ ڈالا۔7 سالہ بچی نے ایک منٹ میں 242 بار دونوں ہاتھوں سے کہنی کو ٹارگٹ پر ہٹ کرکے واضح برتری کے ساتھ ریکارڈ پاکستان کے نام کیا۔
گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے تفصیلات ویب سائٹ پر جاری کردیں۔ بھارتی کھلاڑی شورتی ایس نے سن 2018ء میں ریکارڈ قائم کیا تھا جو ابھی تک ناقابلِ شکست تھا جسے فاطمہ نسیم نے توڑا۔
عام طور پر 7 سال کی عمر میں لڑکیاں گڑیوں سے کھیلتی ہیں مگر فاطمہ اپنی مارشل آرٹسٹ پریکٹس پر ابھی سے توجہ دے رہی ہیں۔ پنچ اور ککس میں فاطمہ نسیم کی مہارت لاجواب ہے۔
کراچی چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے والی فاطمہ نسیم پاکستان کیلئے سب سے زیادہ عالمی ریکارڈ بنانے والے مارشل آرٹسٹ محمد راشد کی صاحبزادی ہیں۔ محمد راشد نے 60 عالمی ریکارڈ قائم کیے۔
محمد راشد پاکستان کیلئے بھارت کے 15 سے زیادہ ریکارڈز توڑ چکے ہیں۔ فاطمہ نسیم نے بھارتی ریکارڈ توڑنے کے بعد کہا کہ میں فائٹ کی عالمی چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل حاصل کرنا چاہتی ہوں۔
پاکستان کی 7 سالہ بیٹی نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ پوری دنیا میں میرے وطن کا نام بلند ہو جبکہ یہ پاکستان اکیڈمی آف مارشل آرٹس کی طرف سے بنایا جانے والا 75واں عالمی ریکارڈ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی 9 سالہ بچی نے بھارتی پروفیسر کو ہرا دیا، ورلڈ ریکارڈ قائم