راولپنڈی میں ذاتی دشمنی کا معاملہ، ملزمان کی بلا اشتعال فائرنگ سے 5 افراد زخمی

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اسلام آباد،10تھانوں کے ایس ایچ اوز تبدیل کردیئے گئے،حکم نامہ جاری
اسلام آباد،10تھانوں کے ایس ایچ اوز تبدیل کردیئے گئے،حکم نامہ جاری

راولپنڈی میں ذاتی دشمنی کی بنیاد پر ملزمان نے گھر میں گھس کر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہو گئے۔

یہ افسوسناک واقعہ راولپنڈی کے علاقے راجڑ میں پیش آیا جہاں تھانہ چونترہ کی حدود میں کراچی سے اپنے عزیز کی وفات پر آنے والی فیملی پر مخالفین نے فائرنگ کردی اور ایک مہمان کو اپنے ساتھ لے کر چلے گئے۔

متاثرہ شخص سردار امیر نے کہا کہ ملزمان نے گھر میں زبردستی گھس کر کلاشنکوف اور دیگر آتشیں اسلحے سے فائرنگ کی اور گھر آئے مہمان سردار عرفان مندوال کو زبردستی اپنے ساتھ لے گئے جسے انہوں نے راستے میں گولیاں مار کر پھینک دیا اور فرار ہو گئے۔

سردار امیر کے مطابق سردار بابر، سردار تبسم، سردار ہمایوں، سردار سجاد، نزاکت، عزت، توحید، سیّد اظہر محمود، زبیر عزیز، حاجی زمرد اور دیگر افراد نے فائرنگ کی جس سے سردار غیرت، سردار عرفان تاج، ریاست محمود اور ملک ریاست سمیت 5 افراد  زخمی ہو گئے۔

تفصیلات بیان کرتے ہوئے سردار امیر نے کہا کہ یہ واقعہ میرے گھر میں پیش آیا۔ ملزمان نے اچانک حملہ کیا جبکہ اس سے قبل بھی یہ لوگ شہریوں کو خوفزدہ کرتے رہے ہیں۔ لوگوں کی آبائی زمینوں پر قبضے کرنا ان کا کام ہے جس پر ہم نے پولیس سے رابطہ کیا لیکن کوئی سنوائی نہیں ہوئی۔

مقامی پولیس سردار امیر کے مطابق جائے وقوعہ پر ابھی تک نہیں پہنچی جبکہ واقعے کا مقدمہ بھی درج نہیں ہوسکا۔ سردار امیر نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کو گرفتار کیا جائے اور انہیں  قرارواقعی سزا دی جائے۔

باخبر ذرائع کے مطابق یہ فائرنگ کا واقعہ طویل عرصے سے متحارب گروپوں میں پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے جبکہ سردار عرفان ماضی میں کیپٹل اسمارٹ سٹی کیلئے زمینوں کی خریداری کرتا رہا۔ سردار عرفان کو سر اور ٹانگوں پر گولیاں ماری گئیں۔

ذرائع کے مطابق سردار بابر گروپ پنجاب میں اہم حکومتی وزیر کے بھانجے کے زیر قبضہ زمین کا تحفظ کر رہے ہیں جبکہ سردار عرفان اور سردار بابر گروپ میں اص تنازعہ مذکورہ ذمین کا ہے۔ سردار عرفان کا آپریشن ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال راولپنڈی میں جاری ہے۔

شدید زخمی حالت میں ہسپتال لائے گئے سردار عرفان کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ جبکہ تھانہ چونترہ ہاؤسنگ سوسائٹیز کی زمینوں پر قبضے کی وجہ سے آتش فشاں بنا ہوا ہے۔ ماضی میں بھی مذکورہ گروپوں میں فائرنگ کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

گزشتہ عید کے روز بھی دونوں گروپوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ایک خاتون زخمی ہوئیں جبکہ دونوں گروہوں میں فائرنگ کے تبادلے اس سے قبل بھی ہوتے رہے جس سے متعدد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

Related Posts