آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ کا آج پہلا روز ہے جبکہ پاکستانی ٹیم کے 6 بیٹسمین آؤٹ ہو کر پویلین واپس لوٹ چکے ہیں۔ پاکستان نے اب تک 56ویں اوور تک 150 کا ہندسہ بھی عبور نہیں کیا۔
آسٹریلین شہر برسبین کے اسٹیڈیم میں پاکستان کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جبکہ شان مسعود اور کپتان بیٹنگ کرنے کے لیے سب سے پہلے میدان میں اُترے۔
شان مسعود اور اظہر علی نے پاکستانی ٹیم کو 75 رنز دئیے جس کے بعد شان مسعود 27 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد اظہر علی پاکستانی اسکور میں اضافہ کرنے میں ناکام رہے۔
کپتان اظہر علی 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ہی تھے کہ اگلی باری حارث سہیل کی آگئی۔ حارث سہیل آسٹریلین ٹیم کے سامنے ڈٹ کر نہ کھیل سکے اور صرف 1 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد پاکستان کے دو ماہر بیٹسمین بابر اعظم اور افتخار احمد کی پویلین واپسی بھی انتہائی کم رنز پر ہوئی۔ بابر اعظم صرف 1 جبکہ افتخار احمد نے 7 رنز اسکور کیے جس کے بعد دونوں اپنی اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔
افتخار احمد کے بعد اگلی باری رضوان کی آگئی۔ محمد رضوان 34بالز پر 37 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جبکہ انہوں نے اپنی اننگز کے دوران 7 چوکے بھی لگائے۔
پانچ روزہ ٹیسٹ کرکٹ کے اعتبار سے دیکھا جائے تو اب تک پاکستانی ٹیم کی کارکردگی انتہائی خراب ہے۔ 56 ویں اوور کی 2 گیندوں تک پاکستان کا اسکور 6 وکٹوں کے نقصان پر 144 تک پہنچا ہے اور آگے کوئی قابلِ ذکر بیٹسمین باقی نہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بنگلہ دیش میں جاری اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 رنز سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے گزشتہ روز پاکستان نے عمیر بن یوسف کی نصف سنچری کی بدولت وکٹوں کے نقصان پر 267 رنزبنائے۔ ہدف کے تعاقب میں بھارت کی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز ہی بناسکی۔ عماد بٹ نے میچ کے آخری اوور میں محض 4 رنز دے کر قومی ایمرجنگ ٹیم کو 3 رنز سے کو فتح دلادی۔
مزید پڑھیں: بھارت کو شکست دیکر پاکستان ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گیا