نیلم: آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں جورا کے مقام پر سیاحوں کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق کار میں 7 افراد سوار تھے۔ 4 افراد کی لاشیں دریا سے نکال لی گئی ہیں اور ایک کی تلاش جاری ہے۔ تمام افراد کا تعلق لاہور کے ایک ہی خاندان سے بتایا جارہا ہے۔
شناختی کارڈ سے جاں بحق ایک شخص کی شناخت نادر کے نام سے ہوئی جس کا پتہ لاہور کا ہے اور وہ اس خاندان کا سربراہ معلوم ہوتا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ لوگ لاہور سے سیاحت کی غرض سے آئے تھے کہ ان کی کار وادی نیلم کے علاقہ جورا میں دریائے نیلم میں جاگری۔
آزاد کشمیر کی پولیس نے جاں بحق ہونے والے افراد سے رابطے کے لیے لاہور میں پولیس سے رابطہ کرلیا ہے تاہم ابھی تک کوئی خاطرخواہ کامیابی نہیں ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملیر کی مویشی منڈی سے ایک شخص کی لاش برآمد، مقتول اسپیئرپارٹس کا کاروبار کرتا تھا