اسلام آباد: کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ویکسین لگوانے والے 40 سالہ اور زائد العمر افراد کی رجسٹریشن ملک بھر میں کل سے شروع کی جائے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیرِ منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا کہ آج نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ 40 سال سے زائد العمر افراد کی رجسٹریشن کل سے شروع کی جائے۔
وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ 50 سال سے زائد عمر کے افراد جو کورونا ویکسین کیلئے رجسٹریشن کرا چکے ہیں، وہ کل سے ویکسینیشن سینٹرز میں جا کر ویکسین لگوا سکیں گے۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ اگر آپ کی عمر 40 سال یا زائد ہے تو خود بھی کورونا کی ویکسین لگوانے کیلئے رجسٹریشن کرائیں اور دیگر شہریوں کو بھی مشورہ دیں کہ وہ بھی رجسٹریشن کروائیں اور ویکسین لگوائیں۔
In today's NCOC meeting decided to open up registration of 40 plus age citizens starting tomorrow. Also decision taken to allow walk in vaccination of all registered citizens of 50 plus age group. If you are 40 years or older please register and encourage others to register
— Asad Umar (@Asad_Umar) April 26, 2021
یاد رہے کہ اِس سے قبل وفاقی حکومت نے صوبوں کو کورونا ویکسین کی نئی کھیپ فراہم کر دی، صوبوں کو سائینو فارم ، کین سائینو اور سائینو ویک ویکسین کی11 لاکھ 70 ہزار خوراکیں فراہم کر دی گئیں۔
ذرائع کے مطابق 2 روز قبل صوبوں کیلئے کورونا ویکسین بذریعہ پرواز اور سڑک روانہ کی گئیں،سندھ اور بلوچستان کیلئے ویکسین کی کھیپ بذریعہ پرواز بھجوائی گئی، جبکہ کورونا ویکسین کولڈ چین کنٹینرز پرروانہ کی گئی۔
مزید پڑھیں: وفاقی حکومت نے صوبوں کو کورونا ویکسین کی نئی کھیپ فراہم کر دی