راولپنڈی: پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی کی گئی ہے، آپریشن کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک جبکہ پاک فوج کا 1 سپاہی شہید ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ رات گئے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ سیکورٹی فورسز نے دریائے کیتو کے قریب آپریشن کیا۔ جیسے ہی پاک فوج دہشت گردوں کے قریب پہنچی، انہوں نے فائرنگ شروع کردی
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گرد علاقے سے بھاگ نکلنا چاہتے تھے، تاہم تمام دہشت گردوں کو سیکورٹی فورسز نے ہلاک کردیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا سپاہی صدام شہید ہوگیا۔
جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے سپاہی صدام کی عمر 27 سال تھی جو خیبر پختونخوا کے شہر کرک کا رہائشی ہے جبکہ پاک فوج کے 2 جوان زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد فراہم کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل بھارتی فورسز کی جانب سے ایک بار پھر ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ ہوئی، جس کے نتیجے میں پاک فوج کا حوالدار شہید ہوگیا۔پاک فوج نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی۔
آئی ایس پی آر کے جاری بیان کے مطابق 2 ماہ قبل بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول پر سیز فائز معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بیڈوری سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی اور پاک فوج کی چوکیوں اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔
مزید پڑھیں: ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ، پاک فوج کا جوان شہید،آئی ایس پی آر