راولپنڈی میں مسلح تصادم اور فائرنگ کے 2الگ الگ واقعات میں 3افراد جاں بحق اور5شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے تھانہ گوجر خان کے گاؤں موہٹری بسال میں فائرنگ کے پہلے واقعے میں 2 گروہوں کے درمیان تصادم اور اندھا دھند فائرنگ سے2 افراد جاں بحق اور4 افراد زخمی ہو گئے۔
کھلے عام جدید اسلحے سے فائرنگ کے باعث علاقے میں شدید خوف وہراس پھیل گیا۔ اطلاعات کے مطابق فریقین کے درمیان تصادم معمولی بحث و تکرار پر شروع ہو ا جس پر ایک گروپ نے اسلحہ سے فائرنگ کر دی۔
فائرنگ سے باپ، بیٹا حاجی اقبال اور احمد اقبال موقعے پر جاں بحق ہو گئے جبکہ دیگر 4افراد زخمی ہو گئے۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ ملزمان موقعے سے فرار ہو گئے ۔
دوسری جانب راولپنڈی کے نواحی علاقے چکری روڈکے مجاہد گاؤں میں 2 گروہوں کے تصادم سے1 نوجوان جاں بحق اور اس کے والد سمیت2افرادشدید زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کے نتیجے میں انوار نامی نوجوان گولیاں لگنے سے موقعے پر دم توڑ گیا جبکہ اس کاوالد مشتاق زخمی ہو گیا۔
علاقہ مکینوں کے مطابق آدھا گھنٹہ مسلسل فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیاجبکہ پولیس روایتی انداز سے جائے وقوعہ پر 1 گھنٹہ تاخیر سے پہنچی۔نعش اور 2 زخمی افراد ہسپتال منتقل کر دئیے گئے ہیں۔