کوئٹہ کے علاقے ائیرپورٹ روڈ پر گھر میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکے کی وجہ گیس لیکیج ہے۔
تفصیلات کے مطابق ائیرپورٹ روڈ پر گھر میں گیس لیکیج کے باعث ہونے والے زوردار دھماکے کے نتیجے میں 2 بچے اور 1 خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔ چیف فائر برگیڈ آفیسر کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں گھر میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔
جاں بحق افراد میں شامل 2 بچوں اور 1 خاتون کی میتیں اور 2 زخمیوں کوایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ پوسٹ مارٹم کے بعد میتوں کو ورثاء کے حوالے کردیا گیا ہے۔معروف شخصیات نے گیس لیکیج کے باعث ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں ہونے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔
ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز کوئٹہ اور کچلاک میں گیس لیکیج سے 3 دھماکے ہوئے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ دھماکوں کے نتیجے میں 8افراد جھلس کر زخمی ہوگئے تھے۔دریں اثناء ملتان میں 3 منزلہ عمارت گر گئی جس کے نتیجے میں بھاری جانی نقصان ہوا۔
گزشتہ روز پنجاب کے تاریخی شہر ملتان میں 3 منزلہ بوسیدہ عمارت گر جانے کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق جبکہ 2شدید زخمی ہوگئے تھے۔ جاں بحق افراد میں 2 خواتین اور 1 بچہ بھی شامل تھا۔
بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق ملتان کے محلہ جوادیاں میں 3 منزلہ عمارت گر جانے سے قیمتی جانوں کا نقصان ہوا۔ 2 افراد کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ جاں بحق افراد میں شامل بچے کی عمر 11سال تھی۔