وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نیول اینکریج کلب کے مارکیٹنگ ہیڈ سمیت دیگر ملزمان کو ڈانس پارٹی منعقد کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے نیول اینکریج کلب کے مارکیٹنگ ہیڈ، ٹکٹ سیلر اور دیگر ملزمان کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں ممنوعہ مشروب برآمد کرکے مقدمہ درج کر لیا۔
ایس پی اور اسسٹنٹ کمشنر رورل کو اطلاع موصول ہوئی تھی کہ تھانہ کورال کی حدود بیون گارڈن میں فیسٹیول کے نام پر ڈانس پارٹی منعقد کی جارہی ہے جس پر چھاپہ مارا گیا۔
پولیس کی طرف سے ایس پی نوشیرواں اور اے سی زخرف فدا ملک نے کارروائی کرتے ہوئے 3 مرکزی ملزمان کو گرفتار کیا جن میں مارکیٹنگ ہیڈ ہمایوں باجوہ، عدیل شیخ اور ٹکٹ سیلر منان شامل ہیں۔
جائے واردات سے بھاری مقدار میں ممنوعہ مشروب برآمد کر لیا گیا۔ ایس پی رورل کا کہنا ہے کہ ملزمان کو تھانہ کورال منتقل کردیا گیا جن سے واردات کے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔
قبل ازیں کراچی کے ضلع ملیر کی گڈاپ ٹاؤن پولیس نے میمن گوٹھ میں قائم فارم ہاؤس پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے غیراخلاقی ڈانس پارٹی منعقد کرانے والے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
گڈاپ ٹاؤن پولیس کے ترجمان کا گزشتہ ماہ کہنا تھا کہ چھاپے کے دوران گرفتار ہونے والے ملزمان کی شناخت فراز عرف شہزادہ اور عبید کے ناموں سے ہوئی۔
ترجمانِ پولیس کے مطابق چھاپے کے دوران ملزمان کے ساتھی رافع ، خرم اور پپو پالاری فرار ہوگئے تاہم فرار ملزمان سمیت 120 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
مزید پڑھیں: میمن گوٹھ میں پولیس کا چھاپہ، ڈانس پارٹی منعقد کرانے والے دو ملزم گرفتار