اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا وائرس کے 28نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 1000 تک جا پہنچی جس میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
قومی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ روز تک کورونا وائرس کے 972 کیسز کی تصدیق ہوئی تھی جن میں اب 28 نئے کیسز کا اضافہ ہواہے۔
موجودہ نئے کیسز کے اضافے کے بعد کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 1000 ہو گئی ہے جبکہ اب تک ملک بھر میں 7 افراد کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہو گئے ہیں۔
اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ 19 مریض صحت یاب بھی ہوئے، جبکہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعدادوشمار کے مطابق صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق سندھ میں کورونا وائرس کیسز 413، بلوچستان میں 115، پنجاب میں 296، گلگت بلتستان میں 81، خیبر پختونخواہ میں 78 جبکہ اسلام آباد میں 16 ہیں جبکہ آزاد کشمیر میں 1 شخص کا علاج جاری ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں چین نے پاکستان کی مدد کی۔ چین سے حکومتِ سندھ نے 5 لاکھ این 95 ماسکس اور 50 ہزار ٹیسٹنگ کٹس وصول کر لیں۔
کورونا وائرس سے جنگ کے لیے ماسکس اور ٹیسٹنگ کٹس وصول کرنے کے لیے وزیرِ اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ ائیر پورٹ پہنچے اور چین سے آنے والے طبی سامان کی کھیپ وصول کی۔
مزید پڑھیں: چین سے 5 لاکھ این 95 ماسکس اور 50 ہزار ٹیسٹنگ کٹس وصول