راولپنڈی: پاک فوج نے بھارت کی جانب سے بھیجے گئے 25 اسرائیلی ساختہ ڈرونز کو کامیابی سے مار گرایا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارت کی بزدلانہ جارحیت کے بعد سے اب تک پاک فوج نے رافیل طیاروں سمیت پانچ بھارتی جنگی طیارے اور درجنوں ڈرونز تباہ کیے ہیں۔
پاک فوج کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت کی جانب سے اسرائیلی ساختہ ’ہاروپ‘ ڈرونز پاکستان پر حملے کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں، جو اس کی بوکھلاہٹ اور پریشانی کا واضح ثبوت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کی جانب سے جاری ان بزدلانہ حملوں کے باوجود پاک فوج نے نہ صرف ہر حملے کو ناکام بنایا بلکہ دشمن کو بھاری جانی اور عسکری نقصان بھی پہنچایا۔
ترجمان کے مطابق، لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی افواج کو شدید نقصانات اٹھانا پڑے ہیں اور مختلف علاقوں سے اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز کے ملبے کی بازیابی جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج دشمن کے ہر حملے کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دے رہی ہے اور دشمن کے تمام ناپاک ارادے خاک میں ملا دیے گئے ہیں۔