بھارتی ریاست راجستھان میں پولیس نے ایک 23 سالہ خاتون کو ازدواجی دھوکہ دہی کے سنگین الزام میں گرفتار کیا ہے جس پر صرف سات ماہ کے قلیل عرصے میں مختلف ریاستوں کے 25 مردوں سے شادی کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ نوجوان خاتون شادی کے بعد شوہروں سے رقم، زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء لے کر غائب ہو جاتی تھی۔ متاثرہ افراد کی شکایات کے بعد پولیس نے تفتیش کا آغاز کیا، جس کے نتیجے میں اس بڑے فراڈ کا انکشاف ہوا۔
پولیس نے بتایا کہ خاتون مختلف ریاستوں میں 7 ماہ کے دوران 25 آدمیوں سے شادی کرکے انہیں لوٹ کر فرار ہوگئی تھی جس پر اسے ‘لوٹ اور اسکوٹ دلہن’ کا نام دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت منظرعام پر آیا جب سوئی مادھوپور کے رہائشی وشنو شرما نے پولیس کو شکایت درج کروائی اور بتایا کہ ایجنٹ نے 2 لاکھ روپے لے کر 20 اپریل کو انورادھا سے کورٹ میرج کروائی اور وہ 2 مئی کو تمام قیمتی چیزیں لے کر فرار ہوگئی۔
پولیس نے بتایا کہ خاتون نے شادی کے لیے قانونی دستاویزات کا استعمال کیا، کچھ دنوں تک شوہر کے ساتھ رہی اور پھر رات کے وقت سونے کے زیورات، نقدی اور الیکٹرانک اشیاء چوری کرکے فرار ہوگئی جب کہ وشنو شرما سے شادی کرنے کے بعد خاتون نے بھوپال میں ایک اور آدمی سے بھی شادی کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ نے یہ شادیاں جعلی شناختوں اور جھوٹے دعوؤں کی بنیاد پر کیں۔ معاملہ سامنے آنے کے بعد عوام میں حیرت اور غصے کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی یہ کیس موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔