کراچی: سندھ کے صوبائی دارالحکومت کراچی کے علاقے ملیر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 رینجرز اہلکار زخمی ہوگئے۔
ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے بتایا کہ رینجرز اہلکار ملیر میں چیکنگ کررہے تھے جس دوران موٹرسائیکل پر سوار دو نوجوانوں کو اہلکاروں نے رکنے کا اشارہ کیا جو رکنے کے بجائے وہاں سے فرار ہوگئے۔
ایس ایس پی ملیر کے مطابق اُن نوجوانوں کو فرار ہوتے دیکھ کر رینجرز اہلکاروں نے بھی موٹرسائیکل پر سوار ہوکر اُن کا تعاقب کرنا شروع کردیا تو ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے جواب میں رینجرز اہلکاروں نے بھی فائرنگ کی، تاہم ملزمان کی فائرنگ سے رینجرز کے دونوں اہلکار زخمی ہوگئے۔
اٹک ڈسٹرکٹ جیل کا عملہ ملاقاتی خواتین کے ریپ اور جنسی ہراسانی میں ملوث
دوسری جانب صوبائی انٹیلی جنس سینٹر (پی آئی سی) نے اٹک ڈسٹرکٹ جیل کے کچھ اہلکاروں پر قیدیوں سے ملاقات کیلئے آنے والی خواتین کا ریپ کرنے اور انہیں جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات عائد کیے ہیں۔
صوبائی انٹیلی جنس سینٹر کی جاری کردہ رپورٹ میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ اٹک جیل میں طاقتور مافیا کی موجودگی کے باعث منشیات کا استعمال بھی بہت بڑھ چکا ہے۔ پی آئی سی فیلڈ اسٹاف نے ڈسٹرکٹ جیل کے معاملات سے متعلق خفیہ انکوائری کی اور 30 ستمبر کو انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات مرزا شاہد سلیم بیگ کو رپورٹ پیش کی۔