کراچی: شہر قائد کے علاقے گلشن اقبال میں مسکن چورنگی کے قریب واقع فاسٹ فوڈ کی دکان میں سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوگئے۔
ایس ایس پی ایسٹ عرفان علی بہادر کے مطابق مسکن چورنگی پر فاسٹ فوڈ کی دکان میں سلنڈرپھٹنے سے دھماکا ہوا، دھماکے کے وقت دکان بند تھی اور اس میں مزید سلنڈرز موجود تھے۔
ایس ایس پی ایسٹ نے کہا کہ دھماکے کے باعث 2 راہگیر زخمی ہیں جن کی حالت خطرے سے باہر ہے، زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، دھماکے سے اپارٹمنٹ کے باہر کھڑی گاڑیوں کو نقصان پہنچا، امدادی ٹیم جائے وقوعہ پر موجود ہے اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
بڑے حادثے سے قبل ہی علاقہ مکینوں کی جانب سے میئرکراچی کو آگاہ کرنے کا انکشاف کیا گیا ہے، اللہ نور اپارٹمنٹ کے مکینوں نے جولائی 2023 کو خط لکھا تھا، علاقہ مکینوں نےتجاوزات اورگیس سلنڈر استعمال کےخلاف درخواست بھی دی تھی جبکہ کمشنر کراچی، پولیس سمیت ہرفورم پرشکایت کی گئی تھی۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ کسی نے ہماری نہیں سنی، آج دو ڈھائی کروڑ کی گاڑیوں کا نقصان ہوا، اللہ نور اپارٹمنٹ کے نیچے فوڈ اسٹریٹ بن چکی ہے جس میں یہ چوتھا دھماکا ہے، ہماری عمارت اور فلیٹس مخدوش ہوچکے ہیں اس نقصان کی ذمہ دارانتظامیہ ہے۔
دوسری جانب کلفٹن میں واقع بنگلے سے انسانی ڈھانچہ برآمد ہونے کے بعد تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے تاکہ ممکنہ طور پر قتل ہونے والے شخص کی شناخت کا علم ہوسکے۔
ڈھانچے کی برآمدگی کلفٹن کے علاقے زمزمہ اسٹریٹ پر واقع بنگلے سے عمل میں لائی گئی۔ متعلقہ اداروں کی تحقیقات کے تحت مرنے والے کی جنس، مقامِ رہائش اور دیگر معلومات سامنے آئیں گی۔
کلفٹن پولیس کا کہنا ہے کہ انسانی ڈھانچے کی جنس معلوم نہیں ہوسکی جس پر میڈیکل رپورٹ کیلئے ڈھانچہ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ جس بنگلے سے یہ ڈھانچہ برآمد ہوا، وہ گزشتہ 7 ماہ سے بند پڑا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ محمد احمد اسلم نے بنگلے کو خریدا تاہم اس کا مقصد پراپرٹی خرید کر آگے بیچنا تھا، واقعے کی مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔ میڈیکل رپورٹ سامنے آنے پر تفتیش کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔