کراچی میں 2 مذہبی گروہوں کا تصادم ہوا جس کے دوران مشتعل افراد نے ایک گاڑی کو آگ لگا دی۔ تصادم کے نتیجے میں 2 افراد زخمی بھی ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں پیش آیا جہاں جھنڈا لگانے کے معاملے پر 2 گروہ آپس میں لڑ پڑے۔ ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی اور گالی گلوچ بھی کی گئی اور سرِ عام تشدد ہوا۔
ایک دوسرے پر بوتلیں پھینکنے کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوئے جنہیں قریبی نجی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ مشتعل افراد نے 1 گاڑی کو بھی آگ لگا دی جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے صورتحال پر قابو پا لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کچھ نامعلوم افراد نے ایک پرانی گاڑی کے ڈھانچے میں ٹائر ڈال کر آگ لگا دی تھی جس کیلئے فائر بریگیڈ کو طلب کرنا پڑا۔
فائر بریگیڈ نے آگ پر قابو پا لیا جس کے بعد مظاہرین منتشر ہو گئے۔ گلستانِ جوہر میں 2 گروہوں میں ہونے والے اس تصادم کے بعد صورتحال آہستہ آہستہ معمول پر آ گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نوشہرہ کے گودام میں بم دھماکا، 5 افراد جاں بحق