اسلام آباد:وزارت خارجہ میں گریڈ 18 کے آفیسر کو ڈسپلن کی خلاف ورزی اور عہدے کا ناجائز استعمال کرنے پر ملازمت سے برطرف کردیا گیا ہے یوکرائن کے دارالحکومت کیؤ میں پاکستانی سفارت خانے کے فرسٹ سیکرٹری وقار احمد نے ایمبیسی کی مقامی ملازمہ کو جنسی طور پر ہراساں کیا بعد میں نوکری سے بھی فارغ کر دیا۔
وزارت خارجہ اسلام آباد سے پانچ مئی کو جاری ہونے والے نوٹیفیکشن کے مطابق یوکرائن کے دارالحکومت کیؤ میں پاکستانی سفارتخانے کے فرسٹ سیکرٹری وقار احمد نے ایمبیسی میں صفائی کرنے والی مقامی ملازمہ کو جنسی طور پر ہراساں کیا پھر اس کے خلاف عداوت پر اتر آئے اور آخرکار ملازمہ کو نوکری سے ہی نکال دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وقاراحمد نے سنگین جرم کیا ہے، بداخلاقی،بدسلوکی، عہدے کے ناجائز استعمال، سروس ڈسپلن اور افسران شرافت و اوصاف کے برعکس عمل کا مظاہرہ کیا۔
گریڈ اٹھارہ کے وقار احمد پر ایمبیسی ملازمہ کو جنسی طورپر ہراساں کرنے عہدے کے ناجائز استعمال عداوت پر اتر آئے اور پھر ملازمہ کو نوکری سے فارغ کرنے کا جرم ثابت ہونے پر سیکرٹری خارجہ نے انہیں فوری طور پر نوکری سے برطرف کر دیا ہے۔
وقار احمد کی برطرفی گورنمنٹ سرونٹس ڈسپلن رولز کے تحت فوری طور پر عمل میں لائی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر پرسنل آصف خان کی طرف سے جاری کیا گیا ہے، ترجمان دفتر خارجہ نے تاحال فرسٹ سیکرٹری وقار احمد کی برطرفی پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔