کراچی:پندرہواں 5روزہ عالمی کتب میلہ پیر کے روز کامیابی کیساتھ اختتام پذیر ہو گیا ،نمائش کے آخری دن نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کے طلبہ وطالبات ،علمی و ادبی حلقے سمیت شہریوں کا بے پناہ رش دیکھنے میں آیا ۔
کراچی ایکسپو سینٹر میں پاکستان پبلشرز اینڈبک سیلرز ایسوسی ایشن کے تحت منعقدہونیوالا عالمی کتب میلہ کا آغاز5دسمبر سے ہو ا تھاجس کا افتتاح وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کیا تھا اور پہلے روز سے آخری دن تک تقریبا5لاکھ سے زائد شہریوں نے نمائش میں بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔
عالمی کتب میلہ کے آخری دن بھی مختلف سیاسی ،مذہبی اور سماجی رہنمائوں کی آمد کا سلسلہ دن بھر جاری رہا ،کتب میلے میں اس سال 330 سے زائد اسٹالز لگائے گئے تھے، عالمی کتب میلے میں ترکی، سنگاپور، چین، ملائیشیا، برطانیہ، متحدہ عرب امارات سمیت 17 ممالک کے تقریباً 40 اداروں نے شرکت کی جبکہ پاکستان بھر سے 136 نامور پبلشرز نے اپنے اسٹالز لگائے تھے ۔
کراچی انٹر نیشنل بک فیئر کے کنوینئروقار متین اور ندیم اختر کا کہنا تھا کہ علم دوست اور اہل دانش افراد نے اپنا قیمتی وقت نکال کر عالمی کتب میلہ میں بھر پور شرکت کر کے ثابت کر دیا ہے کہ یہ شہر علم و ادب کا گہوارہ ہے ،اور یہاں کے لوگوں کی کتاب سے رغبت کبھی ختم نہیں ہو سکتی۔
منتظمین نے پاکستان سمیت دنیا بھر سے نمائش میں شرکت کرنیوالے ملکی اور غیر ملکی پبلشرز اور بک سیلرز کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا جنھوں نے مسلسل پانچ دن کی انتھک محنت سے علم کے متوالوں کی پیاس بجھانے میں معاونت کی ۔
یہ بھی پڑھیں:بچپن میں دوستوں اورلائبریری کی کتابیں اپنے پاس رکھ لیا کرتاتھا، وزیراعلیٰ سندھ