لاہور: تھانہ ڈیفنس سی کی حدود میں 13 سالہ ملازمہ پر انسانیت سوز تشدد کیا گیا، ڈنڈے مارے گئے، بال بھی کاٹ دئیے۔ پولیس نے گھر کے مالک اور ایک رشتہ دار کو گرفتار کرلیا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق تھانہ ڈیفنس سی پولیس نے تیرہ سالہ گھریلو ملازمہ کی خالہ خورشید بی بی کی مدعیت میں گھر کے مالک وقار، اس کی اہلیہ اقراء اور رشتہ دار اسد کے خلاف واقعے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے قانونی کارروائی شروع کردی۔
رپورٹ کے مطابق فیصل آباد کے علاقے جڑوانوالہ کی رہائشی اقراء ایک سال سے وقار نامی شخص کے گھر میں ملازمہ تھی، مالکان نے کام نہ کرنے کا الزام لگا کر ڈنڈوں سے تشدد کیا اور سر کے بال بھی کاٹ ڈالے۔ تشدد کے باعث اقراء کے دونوں بازو کام چھوڑ گئے ہیں۔
اس حوالے سے ایس پی کینٹ کا کہنا ہے کہ لڑکی کا میڈیکل کروا کر وقار اور اسد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی جبکہ مالکن اقراء تاحال فرار ہے۔ ملزمہ کی تلاش اور گرفتاری کیلئے چھاپہ مار کارروائی کی جارہی ہے۔