بین الاقوامی شہرت کے حامل آنجہانی امریکی گلوکار مائیکل جیکسن کی وفات کو آج 11 برس مکمل ہو گئے، تاہم رقص و سرود کے دیوانے مداح آج بھی ان کی اچانک موت پر سوگوار نظر آتے ہیں۔
گلوکاری کی دنیا میں مائیکل جیکسن کو جو شہرت اور عوام میں بے مثال پذیرائی ملی، امریکا سمیت دنیا کے کسی بھی ملک میں شاید ہی کوئی گلوکار اتنا مشہور ہوا ہو جبکہ مائیکل جیکسن نے ایوارڈز اور اعزازات کے ساتھ ساتھ متعدد ورلڈ ریکارڈز بھی قائم کیے۔
سیاہ فام امریکی گلوکار نے سرجری کرانے کے بعد ایک الگ چہرے کے ساتھ عوام الناس کے سامنے اپنے فن کا مظاہرہ کیا، دنیا بھر میں گلوکاری و رقص کے جتنے مداح مائیکل جیکسن کے پیدا ہوئے، کسی اور فنکار کے حصے میں نہ آسکے اور آج بھی ہزاروں کی تعداد میں مداح ان کی صورت اورانداز نقل کرنے میں مصروف ہیں۔
اکیسویں صدی کے دوران مائیکل جیکسن اپنے فن کا زیادہ مظاہرہ نہ کرسکے اور 25 جون 2009ء کو اچانک حرکتِ قلب بند ہونے کے باعث انتقال کر گئے جبکہ مائیکل جیکسن نے طبی ماہرین کی ایک ٹیم مقرر کر رکھی تھی جو ہر روز انہیں مختلف طبی مشوروں سے نوازتی تھی۔
صرف 6 سال کی عمر میں موسیقی کی دنیا میں قدم رکھنے والے مائیکل جیکسن کو آئی وانٹ یو بیک نامی پہلے ہی البم سے جو شہرت ملی، وہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بڑھتی چلی گئی اور گلوکاری کے ساتھ ساتھ رقص کی دنیا میں بھی انہوں نے ایک الگ مقام بنایا۔