کراچی:پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بدھ کے دن اُتار چڑھاؤ کے بعد معمولی تیزی دیکھی گئی، 100 انڈیکس 19.45 پوائنٹس اوپر چلا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران کورونا وائرس کے باعث غیر یقینی صورتحال چھائی رہی، لاک ڈاؤن کے حوالے سے مختلف خبریں گردش کرتی رہیں جس کی وجہ سے گزشتہ روز حصص مارکیٹ انویسٹرز پیسے لگانے سے گریزاں رہے۔
آج تیسرے کاروباری روز کے دوران حصص مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز زبردست تیزی سے ہوا، دوپہر 11 بج کر 55 منٹ پر انڈیکس میں 518.11 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی، تیزی کے باعث انڈیکس 31700 کی حد عبور کر گیا تھا۔
کاروبار کے دوران ایک موقع پر انڈیکس 31795 کی بلند ترین سطح جبکہ 31181.76 پوائنٹس کی نچلی ترین سطح پر بھی دیکھا گیا۔
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا اختتام 19.45 پوائنٹس کی تیزی پر ہوا اور 100 انڈیکس 31242.19 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ پورے کاروباری دن کے دوران کاروبار میں 0.06 فیصد بہتری ریکارڈ کی گئی اور 14 کروڑ 54 لاکھ 28 ہزار 820 شیئرز کا لین دین ہوا۔