کراچی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اقراء یونیورسٹی کے قریب ڈکیتی کی واردات ناکام بنا دی، جس کے دوران 1 ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جس کے 3 ساتھی فرار ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او بلوچ کالونی سب انسپکٹر زبیر نواز کی سربراہی میں پولیس پارٹی نے 2 موٹر سائیکلز پر سوار 4 ڈکیتوں کے خلاف کارروائی کی جن میں سے 1 ملزم کو گرفتار کیا گیا تاہم 3 بھاگ نکلنے میں کامیاب رہے۔
بلوچ کالونی پولیس نے گرفتار ملزم سے چھینے ہوئے موبائل فونز اور نقد رقم برآمد کی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ کراچی کے علاقے ایکسپریس روڈ پر پیش آیا جہاں اقراء یونیورسٹی کے قریب مقصود نامی کاروباری شخصیت سے لوٹ مار کی جارہی تھی۔
مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم زاہد حسین ولد ایوب سے لوٹا ہوا موبائل فون اور نقد رقم برآمد کی گئی ہے جس سے غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ گرفتار ملزم نے تفتیش کے دوران اسٹریٹ کرائمز کی لاتعداد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔
پولیس نے چاروں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے ہیں۔ فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کرکے کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: کے ڈی اے کا افسر رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار