پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران آج سادھوکی کے مقام پر عمران خان کے کنٹینر کے نیچے آکر چینل فائیو کی لیڈی رپورٹر صدف نعیم کی حادثاتی موت کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس پر پوری قوم میں غم اور افسوس کی لہر دوڑ گئی۔
آئیے جانتے ہیں پوری قوم کو سوگوار کرنے والی اس حادثاتی موت کا شکار بد قسمت خاتون صحافی کون تھیں اور ان کا کیریئر کس طرح پروان چڑھا؟
صدف نعیم کون تھیں؟
مختلف ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق صدف نعیم کی عمر 40 سال تھی اور وہ گذشتہ 14 برس سے صحافت کے شعبے سے منسلک تھیں۔ انہوں نے صحافت کا آغاز شوبز کی خبروں سے کیا اور پنجاب کے معروف اخباری گروپ خبریں گروپ سے اپنے کام کا آغاز کیا۔
صدف کے شوہر نعیم بھٹی خود بھی کیمرا مین ہیں اور شادی بیاہ کی تقریبات کی فلم بندی کرتے ہیں۔ نعیم بھٹی کے مطابق ان کی دونوں کی شادی 2000 میں ہوئی اور ان کے دو بچے ہیں۔ بڑی بیٹی 20 سال جبکہ چھوٹا بیٹا 14 سال کا ہے۔
بیوی کی وفات پر سراپا غم میں ڈوبے ہوئے نعیم بھٹی کے مطابق صدف نعیم اپنے کام سے بہت محبت کرتی تھیں۔ انہیں کام کرنے کی مکمل آزادی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ہم اپنے اور اپنے بچوں کے مستقبل کے لیے بہت محنت کر رہے تھے۔ اندازہ نہیں تھا کہ وہ اتنی جلدی چلی جائیں گی۔
صدف نعیم نجی ٹی وی چینل فائیو میں پرانے گانوں پر مشتمل ایک پروگرام کی میزبانی کے فرائض بھی سرانجام دیتی تھیں۔
لاہور سے جب تحریک انصاف کے لانگ مارچ کا آغاز ہوا تو وہ ان صحافیوں میں سے تھیں جنہیں تحریک انصاف کی انتظامیہ نے عمران خان کا انٹرویو کرنے کی اجازت دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: