اسلام آباد:وزیراعظم پاکستان عمران خان کی دعوت پر ازبکستان کے صدرمرزایوف آج جمعرات سے پاکستان کا دودورزہ سرکاری دورہ کریں گے۔
وفد بھی مہمان صدر کے ہمراہ ہوگا جو وزیر خارجہ سمیت کابینہ کے دیگر ارکان، اہم حکومتی و کاروباری شخصیات اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں پر مشتمل ہوگا۔
یاد رہے کہ2016 میں منصب سنبھالنے کے بعد صدر مرزایوف کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔ صدر مرزایوف کا سرکاری دورہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی تیسویں سالگرہ کے تاریخی موقع پر ہورہا ہے۔
دورے کے دوران دونوں رہنما سیاسی، تجارتی ومعاشی، خطے کو جوڑنے، تعلیمی، ثقافتی، سلامتی اور دفاعی شعبوں سمیت دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوں کا جائزہ لیں گے۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق بڑے علاقائی اور عالمی امور پر بھی دونوں راہنما وسیع تبادلہ خیال کریں گے۔ مفاہمت کی متعدد یاداشتوں اور معاہدات پر بھی دستخط کئے جائیں گے۔
وزیراعظم ازبکستان کے صدر کے ساتھ بالمشافہ (ون آن ون)ملاقات کریں گے جس کے بعد وفود کی سطح پر بات چیت ہوگی اور اس کے بعد راہنما مشترکہ طورپر میڈیا سے خطاب کریں گے۔
صدر مرزایوف کی صدر پاکستان سے بھی الگ سے ملاقات ہوگی،دونوں شخصیات سیاسی و اسٹرٹیجک روابط بڑھانے، تجارتی و معاشی تعلقات تیز کرنے، خطے کو رابطوں سے جوڑنے اور تعلیمی وثقافتی اشتراک عمل کے فروغ پر توجہ مرکوز کریں گی۔
پاکستان، ازبکستان اور افغانستان کو جوڑنے والا ٹرانس افغان ریلوے منصوبہ بات چیت کا کلیدی موضوع ہوگا۔ اس دوران دونوں ممالک کی ممتاز کاروباری شخصیات کا مفید باہمی ربط وتعلق بھی استوار ہوگا۔
مزید پڑھیں:پاکستان اپنے پڑوسیوں کے ساتھ پرامن اور قریبی تعلقات کا خواہاں ہے، آرمی چیف