خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں نے حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی سردار حسین سمیت 3 پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور کے نواحی علاقے سربند میں تھانے پر دہشت گردوں نے حملہ کیا۔ ایس ایس پی آپریشنز کا کہنا ہے کہ حملے کے نتیجے میں ڈی ایس پی سردار حسین اور 2 اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کر لیا۔
ارشد شریف قتل، خصوصی جے آئی ٹی کی متحدہ عرب امارات روانگی
ایس ایس پی آپریشنز نے ڈی ایس پی سردار حسین اور زخمی اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ڈی ایس پی کے تھانے پر پہنچنے پر تاک میں بیٹھے دہشت گردوں نے نائٹ ویژن گنز سے حملہ کیا۔
دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں زخمی اہلکار اور ڈی ایس پی سردار حسین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوئے۔ پولیس کاکہنا ہے کہ دہشت گردوں نے اسنائپر رائفلوں کا استعمال کرتے ہوئے فائرنگ کی۔
رائفلوں کے ذریعے تھانے کی سنتری پوسٹوں اور اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ حملے کے فوری بعد پولیس کی اضافی نفری کو طلب کیا گیا جبکہ پولیس کی ٹیمیں اور ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے۔
زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم 2 اہلکار اور ڈی ایس پی سردار حسین شہید ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔ مجرموں کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔