راولپنڈی :تھانہ صادق آباد کی حدود میں واقع احمد میڈیکل کمپلیکس ہسپتال کا عملہ مبینہ طور پر مریضوں کو دن دہاڑے لوٹنے لگا ، آپریشن کیلئے جانیوالے مریضوں کی قیمتی اشیاء غائب ہونے لگیں۔
اپنے علاج کیلئے احمد میڈیکل کمپلیکس ہسپتال کے کمرہ نمبر 416 میں داخل اسٹیٹ لائف انشورنس میں ریکروٹمنٹ ایجنٹ فوزیہ بی بی کے کمرے میں موجود نرس نے مبینہ طور پرمریضہ کے دو قیمتی موبائل فون اور نقدی 6000 روپے چوری کر لیے۔
ان کا کہنا ہے کہ میرے ساتھ یہ واردات اس وقت ہوئی جب میں آپریشن تھیٹر سے غنودگی کی حالت میں کمرے میں شفٹ کی جا رہی تھی تو کمرے میں موجود نرس نے میرے قیمتی موبائل اور نقدی 6000 روپے چرا لیے تھے۔
متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ میں نے تھانہ صادق آباد میں احمد میڈیکل کمپلیکس کے عملے کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے لیے درخواست دے دی ہے لیکن پولیس ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے ۔
ان کا کہنا ہے کہ میں روزانہ کی بنیاد پر تھانے جاتی ہوں لیکن پولیس والے میرے ساتھ تعاون نہیں کر رہے ،اب میں آر پی او راولپنڈی، سی پی او آرآئی جی پنجاب پولیس سے اپیل کرتی ہوں کہ نرس کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔
مزید پڑھیں:پمز میں مریضوں کیساتھ ناروا سلوک، تیمار دار پر جھوٹی ایف آئی آر کٹوادی