اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے امریکی صدر جوبائیڈن کا بیان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ذمہ دار جوہری ریاست ہے جبکہ ایٹمی پروگرام مؤثر تکنیکی و فول پروف کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے زیرِ انتظام ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے امریکی صدر کا یان حقائق کے برعکس اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے جوہری صلاحیت پر ہمیشہ ذمہ دارانہ کردار کا مظاہرہ کیا اور عالمی معیارات کا پختہ عہد پورا کیا۔
ٹوئٹر پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی امن کو بعض ایسی ریاستوں اور قومیت پسندی سے خطرہ ہے جو عالمی روایات پامال اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کرتی ہیں اور اسلحے کی دوڑ اور جوہری سلامتی سے متعلق حادثات سے بھی خطرہ ہے۔
پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ سلامتی کے ان اتحادوں سے بھی دنیا کے امن کو خطرہ ہے جس کی تشکیل سے علاقائی توازن متاثر ہوا جبکہ پاک امریکا تعلقات کی تاریخ طویل ہے جو دوستی اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کرنے والے ممالک ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاک امریکا تعلقات کی حقیقی صلاحیت کی پہچان کیلئے پائیدار کاوشیں ناگزیر ہیں، غیرضروری بیانات سے گریز کیا جائے۔ ہمیں علاقائی امن و سلامتی کیلئے امریکا سے تعاون کی پر خلوص خواہش ہے۔