کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی عوام دشمن پالیسیوں کی بدولت پاکستان میں غربت میں 30 فیصد اضافہ ہوگیا ہے، یومیہ 15 سے 20 افراد خوشی کررہے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کی بدولت تباہ ہو چکا ہے۔ عمران خان کی حکومت میں 30 فیصد اضافے کے ساتھ ساڑھے 8 کروڑ پاکستانی غربت کی لکیر کے دہانے پر کھڑے ہیں
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں یومیہ 15 سے 20 افراد خودکشی کرکے اپنی زندگیوں کا خاتمہ کررہے ہیں، پاکستان میں دوائیں سو فیصد سے زائد مہنگی ہوچکی ہیں اور غریب آدمی کا کوئی پرسانِ حال نہیں ہے۔
رہنما پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ملک کی تباہی کی وجہ کرپشن کو بتانے والے وزیراعظم صاحب اشرافیہ کے لئے ایمنسٹی اسکیمیں لارہے ہیں جبکہ غریبوں کے لئے لنگر خانے کھولے جارہے ہیں، وزیراعظم صاحب ایسے نہیں چلے گا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عمران خان نے عام آدمی کی جیب سے 90 ارب روپے سے زائد نکالنے کیلئے ایک بار پھر بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے جب کہ عید کے بعد صنعتی شعبے سے 20 فیصد ملازمین کو نوکریوں سے نکال دینے کے خدشے نے حقیقت کا روپ دھارا تو حالات اور خراب ہوجائیں گے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکنان کو این اے 249 کی جیت کی مبارک باد ہو، دوبارہ گنتی میں ہماری برتری 900 ووٹوں سے زیادہ ہوگئی، غلط الزامات بے نقاب ہوگئے اور سچ سامنے آگیا، اہلیان کراچی نے سلیکٹڈ کو مسترد کرکے پی پی پی کو اپنی امیدوں کا محور بنایا https://t.co/Wjwn8W5NZY
— BilawalBhuttoZardari (@BBhuttoZardari) May 9, 2021
دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کے حلقہ این اے 249 میں دوبارہ گنتی کے بعد بھی کامیابی پر کارکنان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ این اے 249 کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے غلط الزامات بے نقاب ہوگئے اور سچ سامنے آگیا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کہ حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں ہماری برتری 900 ووٹوں سے زیادہ ہوگئی، اہلیان کراچی نے سلیکٹڈ کو مسترد کرکے پی پی پی کو اپنی امیدوں کا محور بنایاہے۔
یہ بھی پڑھیں : میڈرڈ اوپن: خواتین ایونٹ کا ٹائٹل بیلاروس کی آریانا سابالینکا کے نام