کراچی: نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ بجلی کے شعبے کاگردشی قرضہ تیز رفتاری سے بڑھتے ہوئے ڈھائی ٹریلین روپے تک پہنچ کر معیشت کے لئے خطرہ بن گیا ہے جسے کم کرنے کے لئے سیاسی مفادات کو پس پشت ڈال کر فیصلے کرنے ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی سال کے دوران بجلی کے شعبے کاگردشی قرضہ کم کرنے کے لئے جو بھی اقدامات کئے گئے ہیں ان سے قرضہ تو کم نہیں ہوا البتہ عوام اور کاروباری برادری کا بوجھ بڑھا ہے۔
میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے شعبے کا گردشی قرضہ ملک کی انرجی سیکورٹی کے لئے بڑا خطرہ بنا ہوا ہے جس کی وجوہات کو ختم کرنے کی کوشش نہیں کی جا رہی ہے۔
کئی سو ارب روپے کی بجلی کی چوری کو نظر انداز کیا جا رہا ہے، بجلی کی تقسیم و ترسیل کے دوران بھاری نقصانات کا سلسلہ جاری ہے جبکہ اربوں روپے کے بلوں کی ریکوری کے بجائے اسکا بوجھ بھی بل ادا کرنے والے صارفین پر ڈالا جا رہا ہے۔
آئی پی پیز سے نئے معاہدے، بجلی نرخ میں ایڈجسٹمنٹ، بجلی کے ٹیرف میں اضافہ اورنیپرا ایکٹ میں ترمیم سمیت تمام اقدامات کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا ہے کیونکہ حکومت نے گزشتہ تین سال میں اس سلسلہ میں کوئی واضح پالیسی اختیار ہی نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ جب تک کوئی واضح لائحہ عمل اختیار نہیں کیا جائے گا گردشی قرضہ معیشت کی بنیادیں ہلاتا رہے گا۔ میاں زاہد حسین نے مذید کہا کہ بجلی کے علاوہ گیس سیکٹر کی صورتحال بھی تشویشناک ہے۔
سرکاری گیس کمپنیوں کا گردشی قرضہ چھ سو ستر ارب روپے سے تجاوز کر گیا ہے۔ سوئی نادرن کا گردشی قرضہ چار سو ارب روپے جبکہ سوئی سدرن دو سو ستر ارب روپے کے گردشی قرضہ میں پھنس گئی ہے اور ان دونوں کمپنیوں کا مجموعی گردشی قرضہ جلد سات سو ارب روپے سے تجاوز کر جائے گا۔
میاں زاہد حسین نے کہا کہ حکومت نے کچھ لو گوں کی نااہلی کی سزاصنعتکاروں کو دیتے ہوئے اس صنعت کا گیس ٹیرف بھی بڑھا دیا ہے جو اپنے استعمال کی بجلی خود بنا رہی ہے جس سے پیداوار اور برآمدات دونو ں متاثر ہو رہی ہیں۔
مزید پڑھیں: کراچی سمیت سندھ بھر کے سی این جی اسٹیشنز آج سے ڈھائی ماہ کیلئے بند