وزیر اعظم پاکستان عمران خان ماہِ دسمبر کے دوران بحرین، ملائشیاء اور سوئٹزرلینڈ کے دورے پر روانہ ہوں گے۔ سرکاری دوروں کے دوران وزیر اعظم عمران خان تینوں ممالک کے حکام سے بین الاقوامی امور پر گفتگو کریں گے۔
رواں ماہ 16 سے 17 دسمبر کے دوران وزیر اعظم عمران خان بحرین کا سرکاری دورہ کریں گے جس کے دوران شاہِ بحرین سے ملاقات ہوگی۔ بحرین کے قومی دن کے موقعے پر سربراہانِ مملکت کی ملاقات ہوگی۔
بحرین کے قومی دن کی تقریبات میں شرکت کے دوران وزیر اعظم عمران خان شاہِ بحرین کی ملاقات پر وزیر اعظم کو بحرین کی طرف سے سول اعزاز دیا جائے گا۔
شاہِ بحرین حماد بن عیسیٰ الخلیفہ وزیر اعظم عمران خان کو بحرین کا اعلیٰ ترین سول اعزاز دیں گے جس کے بعد وزیر اعظم عمران خان سوئٹزر لینڈ روانہ ہوجائیں گے۔
سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں وزیر اعظم عمران خان دو روزہ سرکاری دورے کے دوران دو اہم بین الاقوامی ایونٹس میں شرکت کریں گے۔ عالمی پناہ گزین سمٹ اور اقوامِ متحدہ کے زیر اہتمام کانفرنس ہوگی۔
وزیر اعظم عمران خان پناہ گزین سمٹ میں شرکت کریں گے جس کے بعد اقوامِ متحدہ کی بین الاقوامی کانفرنس سے خصوصی خطاب بھی کریں گے جس کے دوران مسئلۂ کشمیر پر عالمی برادری کی توجہ مبذول کرائی جائے گی۔
اقوامِ متحدہ کانفرنس میں شرکت کے بعد وزیر اعظم عمران خان دوست ملک ملائشیاء کے 2 روزہ دورے پر روانہ ہوں گے۔ 19 سے 20 دسمبر تک سرکاری دورے کے دوران وزیر اعظم کوالالمپور میں اسلامی سربراہی کانفرنس سے خطاب کریں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی بھی ملائشیا کا دورہ کرچکے ہیں۔ 2 روزہ سرکاری دورے پر ملائشیا پہنچنے کے بعد کوالا لمپور ائیر پورٹ پر ملائشین حکام کے ساتھ ساتھ پاکستانی سفارت خانے نے وزیر خارجہ کا استقبال کیا۔
کوالا لمپور انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر 4 نومبر کو ملائشین وزارتِ خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل اظہر مزلان، ملائشیا میں پاکستانی ہائی کمشنر آمنہ بلوچ اور پاکستانی سفارت خانے کے سینئر حکام نے شاہ محمود قریشی کا خیر مقدم کیا۔
مزید پڑھیں: شاہ محمود قریشی 2 روزہ سرکاری دورے پر ملائشیا پہنچ گئے