وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے حکمراں سیاسی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کا اجلاس آج لاہور میں طلب کیا ہے جس کا مقصد ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلۂ خیال کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے 23 دسمبر کو صوبائی اسمبلیاں توڑنے کے اعلان کے بعد ن لیگی رہنماؤں کا اجلاس طلب کیا ہے۔
ماہی گیروں پر تشدد بند کیا جائے، پاک مسلم الائنس
باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف آج ہونے والے ن لیگی رہنماؤں کے اجلاس میں چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان کے اسمبلیاں تحلیل کرنے کے اعلان پر مشاورت کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اجلاس میں آج ن لیگی قیادت پنجاب اور خیبر پختونخوا میں تحریکِ عدم اعتماد لانے اور نمبر گیم سمیت دیگر معاملات پر بھی غور کرے گی۔
قبل ازیں گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی کی جانب سے اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری آنے کے بعد فیصلہ کر لیں گے۔ کسی بھی وقت اعتماد کا ووٹ لینے کا کہہ سکتا ہوں۔
آج ہونے والے مسلم لیگ (ن) کے اجلاس میں وزیر اعظم متعلقہ صوبوں کے گورنرز کے ذریعے وزرائے اعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہنے پر بھی ن لیگی رہنماؤں سے مشاورت کریں گے۔