اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان قوم سے خطاب آج کریں گے جس میں بدلتے ہوئے عالمی منظر نامے، روس یوکرین تنازعے اور مہنگائی سمیت دیگر اہم قومی و بین الاقوامی معاملات پر گفتگو متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان عالمی مہنگائی کے تناظر میں پیٹرولیم مصنوعات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر قوم کو اعتماد میں لیں گے۔ روس یوکرین کشیدگی اور حالیہ دورۂ ماسکو کے متعلق بھی گفت و شنید ہوگی۔
تنازعات کے حل کیلئے مذاکرات پر یقین رکھنے کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔وزیراعظم
گزشتہ ہفتے پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات اور گندم کی قیمتوں میں 12 سے 15 فیصد اضافہ ہوا۔ روس یوکرین کشیدگی کے باعث دنیا بھر میں تیل سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے۔
پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی سمیت ملک کی تمام سیاسی جماعتیں سڑکوں پر ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کے آج کے خطاب میں اپوزیشن رہنماؤں کی بدعنوانی، عدالتوں میں زیر التواء کیسز اور ملک کے نظامِ انصاف کے متعلق بات چیت بھی متوقع ہے۔
این سی او سی کے سربراہ اور وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان آج قوم سے اپنے خطاب میں قوم کو خوشخبری سنائیں گے۔ خطاب سن کر آپ کو خوشی ہوگی کہ ایک محبِ وطن رہنما عوام کا درد رکھتا ہے۔