پاکستان حقِ خود ارادیت مل جانے تک کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔وزیرِ اعظم

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

پاکستان حقِ خود ارادیت مل جانے تک کشمیریوں کا ساتھ دیتا رہے گا۔وزیرِ اعظم
پاکستان حقِ خود ارادیت مل جانے تک کشمیریوں کا ساتھ دیتا رہے گا۔وزیرِ اعظم

اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے کشمیری قوم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان حقِ خود ارادیت مل جانے تک کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر یومِ شہدائے کشمیر کے موقعے پر اپنے پیغام میں وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور 13 جولائی 1931 کے 22 شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

پیغام میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ ڈوگرہ حکمران کے فوجیوں نے پر امن کشمیری مظاہرین پر فائرنگ کی اور 22 کشمیریوں کو شہید کردیا۔ کشمیریوں پر بھارتی ظلم اور غیر قانونی قبضے کے خلاف نئی جدوجہد منظرِ عام پر آئی۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم، غیر قانونی قبضے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی ایک طویل داستان اور تاریخ ہے۔ کشمیری مردو زن غیر قانونی ظلم کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان حقِ خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہے اور جب تک انہیں یہ حق اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مل نہ جائے، ہم کشمیر کی حمایت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔ 

یاد رہے کہ سرحد کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں مظلوم کشمیری یومِ شہدائے کشمیر آج منا رہے ہیں۔ پاکستان نے 22 شہداء کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

 جدوجہدِ آزادئ کشمیر کی تاریخ میں 13 جولائی 1931 کا دن وہ سیاہ باب ہے جب کشمیر کی ڈوگرہ حکومت نے سری نگر میں 22 مظلوم کشمیریوں کو شہید کیا۔

ڈوگرہ حکومت نے 22 مظلوم کشمیری مسلمانوں کو آج سے 90 سال قبل فائرنگ کرکے شہید کردیا جس کی یاد میں آج مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں ریلیاں نکالی جائیں گی۔

Related Posts