اسلام آباد: آرگنائزیشن آف اسلامی کنٹریز (او آئی سی) کے آزاد مستقل انسانی حقوق کمیشن کے وفد نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کہا گیا ہے کہ او آئی سی کے آزاد مستقل انسانی حقوق کمیشن کے وفد نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق چری کوٹ سیکٹر پہنچنے پر وفد کو سیکیورٹی صورتحال پر جامع بریفنگ دی گئی۔ وفد کو شہری آبادی کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق وفد کو دشمن کی فائرنگ سے آبادی کے تحفظ کے لیے بنکرز کی تعمیر کے بارے میں بھی بتایا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ او آئی سی کے وفد نے فائر بندی کی خلاف ورزی سے متاثرہ افراد، دیہی دفاعی کمیٹیوں اور شہری انتظامیہ سے بھی ملاقاتیں کیں۔
او آئی سی وفد نے زمینی حقائق سے آگہی میں تعاون فراہم کرنے پر پاک فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے سے لائن آف کنٹرول پر صورت حال کا حقیقی ادراک کرنے میں بہت مدد ملی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : زی ٹی ای نے 20 جی بی ریم والا اسمارٹ فون متعارف کروا دیا