اسلام آباد: ق لیگ کے مرکزی رہنما و اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی کے صاحبزادے مونس الٰہی وفاقی کابینہ میں شامل ہوگئے جنہیں پی ٹی آئی حکومت نے آبی وسائل کا قلمدان سونپ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مونس الٰہی کو وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مقرر کردیا گیا جس کا فیصلہ وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے سامنے آیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹوکی ہدایت پر سندھ کابینہ میں تبدیلیوں کا فیصلہ
گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی کے صاحبزادے مونس الہٰی کو وفاقی وزیر بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے حکومتی اتحادی جماعت مسلم لیگ(ق) کے رکن قومی اسمبلی اور پرویزالہیٰ کے صاحبزادے مونس الہٰی کو وفاقی وزیر برائے آبی وسائل بنانے کا حتمی فیصلہ کرلیا۔
واضح رہے کہ وفاقی کابینہ میں مسلم لیگ(ق) کے طارق بشیر چیمہ بھی وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ و تعمیرات ہیں۔وفاقی کابینہ میں بڑی تبدیلی کافی دنوں بعد دیکھنے میں آئی۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم کا مونس الہٰی کو وفاقی وزیر برائے آبی وسائل بنانے کا فیصلہ
قبل ازیں وفاقی کابینہ میں ردوبدل کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن سے نمٹنے کیلئے شیخ رشید کو وزیرداخلہ بنایا، شیخ رشید کو پی ڈی ایم سے نمٹنے کا ٹاسک دیا گیا تھا۔
وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں گزشتہ برس دسمبر کے دوران شیخ رشید نے وزیر داخلہ کی ذمے داریاں سونپنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے ذمے داری کو بخوبی نبھانے کی کوشش کروں گا۔
مزید پڑھیں: کابینہ میں تبدیلیوں کی اندرونی کہانی سامنے آگئی
یاد رہے کہ اِس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی وزراء کی کارکردگی رپورٹ طلب کرلی، بڑے پیمانے پر کابینہ میں تبدیلیوں کا امکان سامنے آگیا۔کابینہ میں تبدیلی کارکردگی رپورٹ کی بنیاد پر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق 3 ماہ قبل وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹیم کی کارکردگی جانچنے کا فیصلہ کرتے ہوئے وفاقی وزراء سے ان کی کارکردگی رپورٹ مانگ لی۔وزیراعظم کی جانب سے وزراء اور مشیروں کو کارکردگی رپورٹ وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی۔
مزید پڑھیں: وفاقی وزراء کی کارکردگی رپور ٹ طلب، کابینہ میں تبدیلیوں کا امکان