حکومت سندھ محکمہ کالجز ایجوکیشن نے نئے زون سسٹم کے مطابق سرکاری کالجوں میں فرسٹ ایئر میں داخلوں کی لسٹ جاری کردی۔
وزیرِ تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ کے احکامات پر سیکریٹری کالجز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ احمد بخش ناریجو کی زیرنگرانی چیئرمین سندھ الیکٹرانک سینٹرلائزڈ کالجز ایڈمشن پروگرام 2023 ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ پروفیسر شاداب حسین نے فرسٹ ایئر میں داخلوں کی لسٹ جاری کردی۔
یہ بھی پڑھیں:
امریکی ویزا لاٹری کے دوسرے مرحلے کا اعلان
ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ پروفیسر شاداب حسین کے مطابق نویں کی بنیاد پر زون سسٹم کے مطابق بچوں کو گھر کے قریب کالجز میں داخلہ دیا گیا ہے جس بچے نے اپنے گھر کے قریب والے زون کا انتخاب کیا ہوگا وہی میرٹ کے مطابق اس کا داخلہ ہوا ہوگا۔
ڈپٹی سیکریٹری راشد احمد کھوسو نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 93 ہزار درخواستیں موصول ہوئی تھیں جس کے مطابق اس سال پری انجینئرنگ بوائز میں 12369 داخلے ہوئے جبکہ پری انجینئرنگ گرلز میں 5376، پری میڈیکل بوائز میں 5287 ، پری میڈیکل گرلز میں19153 داخلے ہوئے۔
اسی طرح کمپیوٹر سائنس بوائز میں 11174 ، کمپیوٹر سائنس گرلز میں 6607 ، کامرس بوائز میں 9507 ، کامرس گرلز میں 9126، آرٹس بوائز میں 666،آرٹس گرلز میں 4327 داخلے ہوئے جبکہ ہوم اکنامکس کے واحد کالج میں 262 داخلے ہوئے۔
راشد احمد کھوسو کا کہنا تھا کہ کچھ بچوں نے داخلہ فارم میں غلطیاں کی ہیں جن کے فارم آن لائن ہی ان بچوں کو تصحیح کے لیے بھیج دیے گئے ہیں، وہ اپنے فارم میں جیسے ہی تصحیح کریں گے ان کا فوری داخلہ کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ داخلے اس سال کی نئی پالیسی کے مطابق کیے گئے ہیں۔
راشد احمد کھوسو نے مزید بتایا کہ اس سال بھی گزشتہ سال کی طرح طلبا خود آن لائن کلیم کرسکتے ہیں، داخلہ فارم پر فارم QR کوڈ اور آخری تاریخ بھی موجود ہے، اگر بچے فارم کو آخری تاریخ سے پہلے جمع نہیں کرواتے تو ان کا داخلہ ختم کردیا جائے گا اور اس بار بچے کلیم صرف ایک بار کرسکتے ہیں۔