نامور سابق گلوکار اور نعت خواں جنید جمشید کو مداحوں سے بچھڑے ہوئے 3 سال مکمل ہوچکے ہیں جبکہ 7 دسمبر 2016ء وہ دن تھا جب چترال سے اسلام آباد جانے والی پی آئی اے کی فلائٹ نمبر 661 فضائی حادثے کا شکار ہو گئی۔
پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) کے مذکورہ طیارے میں جنید جمشید کے ساتھ ساتھ چترال کے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) سمیت مجموعی طور پر 47 افراد اِس دارِ فانی سے کوچ کر گئے۔
معروف پاپ سنگنگ گروپ وائٹل سائنز سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے جنید جمشید 3 ستمبر 1964ء میں پیدا ہوئے، ان کے گائے ہوئے متعدد گانوں کو شہرتِ دوام ملی، تاہم ملی نغمہ دل دل پاکستان آج بھی ہر محب وطن پاکستانی کی زبان پر موجود ہے۔
موسیقی کو خیر باد کہنے کے بعد جنید جمشید نے اسلامی تبلیغ اور نعت خوانی کا آغاز کردیا۔ انہوں نے فیشن ڈیزائننگ میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور ان کے نام پر بنی بوتیک کی شاخیں آج بھی پورے ملک میں موجود ہیں۔
بطور نعت خواں جنید جمشید کی نعتیں ”محمد ﷺکا روضہ قریب آ رہا ہے “ اور ”میرا دل بدل دے“ بے حد مشہور ہوئیں، تاہم گلوکار کی حیثیت سے جنید جمشید کے گانوں کو بھی عوام الناس کبھی فراموش نہ کر پائے۔
جنید جمشید کا حب الوطنی اور جذبہ جہاد سے سرشار گیت ”قسم اُس وقت کی“ آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہے اور ٹی وی چینلز پر آج بھی ان کے گیت پلے کر کے انہیں خراجِ تحسین پیش کیاجاتا ہے۔
نعت خواں اور سابق گلوکار جنید جمشید کی خدمات کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان نے انہیں 2014ء میں ان کی وفات سے محض 2 برس قبل انہیں تمغۂ امتیاز سے نوازا۔ وفات کے وقت جنید جمشید کی عمر 52 سال تھی۔