پاکستانی اداکارہ اُشنا شاہ کی ہمشیرہ اور معروف اداکارہ اسراء غزل ساتھی فنکار ساجد شاہ کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ اسراء غزل اُشنا شاہ کی بڑی بہن ہیں جو معروف کلاسک اداکارہ عصمت طاہرہ کی صاحبزادی ہیں۔ معروف اداکارہ اسراء غزل نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ سے اپنی شادی کی تصدیق کردی۔
فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اپنے پیغام میں اداکارہ اسراء غزل نے ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ اپنے شوہر ساجد شاہ اور بیٹے تبریز علی شاہ کے ہمراہ بیٹھی نظر آئیں جس پر مداحوں نے حیرت کا اظہار کیا ہے۔
دوسری جانب اداکار ساجد شاہ سبز پری، لال کبوتر، باندی، ریلوے کالونی اور رقصِ بسمل سمیت متعدد ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔ مداحوں کی جانب سے دونوں کی شادی پر مبارکباد کے پیغامات ارسال کیے گئے۔
بعض مداحوں نے اداکارہ اسراء غزل کی طرف سے تبریز علی شاہ کیلئے سوتیلے بیٹے کے الفاظ پر اعتراض بھی کیا۔ سوشل میڈیا صارفین نے کہا کہ اگر تبریز سوتیلا بیٹا ہو بھی تو اسے سوتیلا تحریر کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔
ایک مداح نے کہا کہ آپ کی تصویر تو اچھی لگ رہی ہے لیکن تبریز اب آپ کا بیٹا بن چکا ہے، اس کیلئے سوتیلے کے الفاظ مناسب نہیں لگتے۔ مداحوں نے نئے فنکار جوڑے کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
یہ بھی پڑھیں: فاسٹ اینڈ فیورئیس 9 کیلئے وِن ڈیزل کی عوام سے تھیٹر آمد کی درخواست