لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس کا اعلان آج عمران خان اور وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد کیے جانے کا امکان ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی آج پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان سے ملاقات متوقع ہے جس میں صوبائی اسمبلی کی تحلیل کے حوالے سے اعلان کیا جائے گا۔ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات کے بعد اعلان کریں گے۔
پنجاب اسمبلی کے بعد پی ٹی آئی کی زیرقیادت حکومت خیبرپختونخوا (کے پی) اسمبلی کو تحلیل کردے گی۔ فیصلے کے باضابطہ اعلان کے بعد سمری بھیجی جائے گی۔
قبل ازیں معلوم ہوا تھا کہ ابھی اسمبلی تحلیل کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔ بدھ کی رات وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی نے حکومتی ارکان اسمبلی سے کہا تھا کہ وہ اعتماد کا ووٹ لینے کے بعد معاملات کو آگے بڑھائیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض ایم پی ایز نے ترقیاتی فنڈز کے وعدوں پر وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کے حق میں ووٹ دینے پر اتفاق کیا تھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ایم پی ایز کو آئندہ دنوں میں محکمانہ کاموں میں تیزی لانے کی یقین دہانی کرائی۔ ایم پی ایز کی اکثریت نے بھی اسمبلی کو فوری تحلیل کرنے کی مخالفت کی تھی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ پنجاب اسمبلی کی تحلیل کا حتمی فیصلہ آج عمران خان اور پرویز الٰہی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے 186 ووٹ لے کر ایوان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کیا۔
مزید پڑھیں:ایم کیو ایم پاکستان کے تمام دھڑوں کی مشترکہ پریس کانفرنس، اہم فیصلے
پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ قانونی رکاوٹ نہ آئی تو کل پنجاب اسمبلی تحلیل ہو جائے گی۔