اسلام آباد: وفاقی وزیر غلام سرور خان نے کہا ہے کہ میرےخلاف پراپیگنڈہ کیا جارہا ہے ، راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کا کسی اور سوسائٹی سے تعلق نہیں، کسی گھر سے ذاتی تعلق ہو سکتاہے مگر کسی سوسائٹی سے مالی تعلق نہیں ہے، کرپشن ثابت ہو گئی تو سیاست چھوڑ دونگا۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر غلام سرور کا اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے خلاف پراپیگنڈہ کیا جا رہاہے ، رنگ روڈ کی الائمنٹ سے میرا کوئی تعلق نہیں ، جس انکوائری رپورٹ پر وزیر اعلیٰ نے ایکشن لیا تھا وہ متنازعہ ہو چکی ہے۔
غلام سرور کا کہنا تھا کہ کل کابینہ اجلاس میں بھی انکوائری پر بات کروں گا، چاہتا ہوں تحقیقات کے لئے نئی کمیٹی بنائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق ادوار میں رنگ روڈ عدم دلچسپی کے باعث نہیں بن سکی۔ مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی تین تین بار اقتدار میں آئیں مگر منصوبے کا فیصلہ نہ ہوسکا، پی ٹی آئی کی حکومت منصوبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔
وفاقی وزیر غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ الزام لگانے والے کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ کروں گا۔ خود کو عوام کی عدالت میں پیش کرتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں بے شمار سوسائٹیاں جن سے سیاست دانوں کا تعلق ہے، ان کا کوئی نام نہیں لیتا۔ ایک ہفتے بعد سوسائٹی والوں کا کچا چٹھا کھولوں گا، یہ کیا کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نیب کے ریڈار پر آنے پر ایوان میں کہا کہ بالکل انکوائری ہونی چاہیے۔ نیب، آئی بی سمیت کوئی بھی ایجنسی انکوائری کرے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ انکوائری کمیٹی میں بھی میرا نام نہیں تھا ، میرا نام کسی کے کہنے پر فیڈ ہوا ہے۔ معاملے کی تہہ تک پہنچیں گے۔ زمین لینے اور بیچنے والوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں : راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے میں مبینہ طور پر اربوں کی کرپشن، چیئرمین نیب نے نوٹس لے لیا