اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملکی قرض کی انتظام کاری کیلئے مینجمنٹ آفس فوری طور پر قائم کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے قرضوں کے بڑھتے بوجھ کو کم کرنے کیلئے حکمتِ عملی مرتب کرنے اور بہتر قرض مینجمنٹ کیلئے ڈیبٹ مینجمنٹ آفس قائم کیا جس کیلئے حکومت نے ترمیمی ایکٹ نافذ کیا ہے۔
نائجیریا کا کرپٹو کرنسی تسلیم کرنیکا فیصلہ، جلد بل پاس کیا جائیگا
ڈیبٹ مینجمنٹ آفس ڈیبٹ لمیٹیشن (ترمیمی) ایکٹ 2022 کی دفعہ 6 کے تحت وفاقی حکومت نے آفس قائم کرنے کی منظوری دی۔ وزارتِ خزانہ نے ہیومن ریسورس مینجمنٹ ونگ سے آفس کے قیام کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا۔
قبل ازیں ملک کا قرض کم کرنے کیلئے ڈیبٹ آفس کا قیام 2006 سے عمل میں لایاگیا تھا تاہم معاشی ماہرین کی بھاری بھرکم ٹیم کے باوجود ملکی قرض بڑھتا چلا جارہا ہے۔ نئے مینجمنٹ آفس کیلئے بڑا چیلنج قرض میں کمی لانا ہے۔
حکومت قرض واپسی کیلئے آئی ایم ایف سمیت دیگر عالمی مالیاتی اداروں سے مزید قرض لینے پر مجبور ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ قرض پر سود کی ادائیگی کیلئے بھی قرض لینا پڑ رہا ہے اور ملک دیوالیہ ہونے کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔
وفاقی خزانہ ڈویژن نے 13 اپریل 2006 کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں ترامیم کیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ڈیبٹ مینجمنٹ ملکی قرضوں کو کم کرنے کیلئے بہتر مینجمنٹ پالیسی اور حکمتِ عملی تشکیل دے گا۔