اسلام آباد: برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کا کہنا ہے کہ میں خود پاکستان میں آزادانہ گھومتا ہوں اور اگر سیکورٹی خدشات ہوتے تو میں سیکیورٹی ایڈوائزری جاری کرتا۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے، انگینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ سیکیورٹی وجوہات کی وجہ سے منسوخ نہیں ہوا۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کا کہنا تھا کہ آج ایک افسوسناک دن ہے، انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دورے کی منسوخی سے سب افسردہ ہیں کیونکہ کرکٹ ہمارے خون میں شامل ہے۔
کرسچن ٹرنر کا کہنا تھا کہ برطانوی ٹیم کو 16 سال بعد پاکستان آنا تھا برطانوی ٹیم کے دورے کے لیے بہت محنت کی، میری سیکورٹی ایڈوائس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، برطانوی حکومت نہیں انگلش بورڈ کا فیصلہ ہے۔ انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ انگلش ٹیم پاکستان کے دورے پر آئے گی۔
کرسچن ٹرنر کا کہنا تھا کہ ای سی بی نے واضح طور پر کہا ہے کہ کھلاڑیوں کی وجہ سے دورے سے معذرت کی ہے۔ برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے سیکورٹی کا کوئی ایشو نہیں اٹھایا گیا، رمیزراجہ اور وسیم خان نے دورے کیلئے بہت کام کیا، یقین دلاتا ہوں آئندہ سال برطانوی ٹیم دورہ کرے گی۔
برطانوی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ رمیز راجہ کےغصے اورمایوسی کو سمجھ سکتا ہوں، پاکستان ٹیم نے حال ہی میں دوبار برطانیہ کا دورہ کیا، پاکستانی کھلاڑی کرکٹ کے سچے اور زبردست سفیر ہیں، بطور سفیر میرا کام دونوں ملکوں کو قریب لانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں یہ بات اتھارٹی کیساتھ کہہ سکتا ہوں، اگرسیکیورٹی خدشات ہوتے تو میری ٹریول ایڈوائزری بدل جاتی، نیوزی لینڈ کے دورے کی منسوخی کی وجہ سے بعض کھلاڑی تشویش کا شکارہوئے، برطانوی شہریوں کا خیال رکھنا میرا فرض ہے۔
واضح رہے نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف پہلے ون ڈے سے کچھ دیر قبل سیکورٹی خدشات کو جواز بناکر دورہ پاکستان منسوخ کردیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : ملازمین جامعہ اردو کی ترقی میں اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کریں، اے کیو خلیل