ابو ظہبی :ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 راؤنڈ کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ابوظہبی کے زید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ ون کے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔جنوبی افریقہ کا آغاز اچھا نہ رہا اور دوسرے ہی اوور میں کپتان ٹیمبا باووما 13 کے مجموعی اسکور پر بولڈ ہوگئے۔
اس کے بعد کوئنٹن ڈی کوک کا ساتھ نبھانے کے لیے کریز پر آنے والے راسی وین ڈر ڈوسن بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹک پائے اور اگلے ہی اوور میں جوش ہیزل ووڈ کا شکار بن گئے۔
ڈی کوک کی اننگز پانچویں اوور میں اختتام کو پہنچی اور وہ بھی 7 رنز بنا کر ہیزل ووڈ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔اس موقع پر ایڈن مرکرم اور ہینری کلاسن نے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا لیکن 46 کے مجموعے پر کلاسن کی ہمت جواب دے گئی اور وہ 13 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
چار وکٹیں گرنے کے بعد مرکرم کا ساتھ دینے ڈیوڈ ملر آئے اور دونوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 34رنز بنانے کے بعد چلتے بنے، اس سے قبل کہ یہ شراکت آسٹریلیا کے لیے خطرناک ثابت ہوتی، ایڈم زامپا نے ڈیوڈ ملر کی 16 رنز کی اننگز کے آگے فل اسٹاپ لگا دیا۔
ابھی جنوبی افریقہ کی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ دو گیندوں بعدد زامپا نے ڈیوین پریٹوریس کا بھی کام تمام کردیا جو صرف ایک رن بناسکے۔
چند گیندوں بعد آسٹریلین کھلاڑیوں کی شاندار فیلڈنگ نے کیشپ مہاراج کو بھی پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔دوسرے اینڈ پر موجود مرکرم نے 40 رنز کی اننگز کھیلی لیکن 18ویں کی پہلی گیند پر مچل اسٹارک نے ان کو چلتا کردیا جبکہ اینرچ نوکیا بھی صرف دو رنز بنا سکے۔
اختتامی اوورز میں کگیسو ربادا کے 20 رنز کی بدولت جنوبی افریقہ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 118 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔
مزید پڑھیں:آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، پاک بھارت میچ کیلئے قومی ٹیم کا اعلان