اسلام آباد: دفترخارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ امریکی جیل کارزویل میں قید پاکستانی ڈاکٹر عافیہ صدیقی پر حملہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئی ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ خبر ملتے ہی ہمارے قونصل جنرل ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی خیریت دریافت کرنے جیل پہنچے، انتظامیہ نے بتایا کہ عافیہ صدیقی پر جیل میں ایک قیدی نے حملہ کیا جس سے انہیں گہرے زخم آئے ہیں تاہم ان کی حالت خطرے سےباہر ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے پاکستان نے امریکا کے سامنے معاملہ اٹھایا ہے اور واقعے کی شفاف و جامع تحقیق کے لئے باضابطہ شکایت درج کرادی ہے، امریکی حکام سے کہا ہے کہ معاملے کی مکمل چھان بین کی جائے اور عافیہ صدیقی کی مناسب دیکھ بھال کی جائے، جب کہ پاکستانی سفارت خانہ بھی امریکی حکام سے رابطے میں ہے۔
امریکا کی ریاست ٹیکساس کی جیل میں قید عافیہ صدیقی کے وکلا نے بتایا ہے کہ ایک قیدی کافی عرصے سے عافیہ صدیقی کو مسلسل ہراساں کررہا تھا اور اسی نے ان پر کافی کے کپ میں موجود کھولتی ہوئی چیز ان کے چہرے پر پھینک کر حملہ کیا۔
واضح رے کہ یہ حملہ گزشتہ ماہ کیا گیا تھا ۔ تاہم اس حملے کے بعد جیل انتظامیہ نے عافیہ صدیقی کو غیرمعینہ مدت کیلئے قید تنہائی میں رکھ دیا ہے جہاں ان کی انتظامی نگرانی کی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : تاجروں کے ساتھ مل کر ملک کو آگے لے کر جانا ہے، شوکت ترین