خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں اے این ایف (اینٹی نارکوٹکس فورس) نے کارروائی کرتے ہوئے کار سے 132 کلو گرام چرس اور 43 کلو گرام افیون برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اے این ایف نے کار کی ڈکی سے 132 کلو گرام چرس اور 43 اعشاریہ 2 کلو گرام افیون برآمد کی اور صوابی کے رہائشی ملزم کو گرفتار کر لیا۔ راولپنڈی سے بھی منشیات برآمد ہوئیں۔
بہو کے قتل کا مقدمہ درج، سینئر صحافی ایاز امیر راولپنڈی سے گرفتار
راولپنڈی میں اے این ایف نے 2 مختلف کارروائیوں کے دوران اسلام آباد ایکسپریس وے پر مردان اور اسلام آباد کے رہائشی ملزمان سے 1 اعشاریہ 2 کلو گرام چرس اور 1 کلو آئس برآمد کر لی۔
دوسری کارروائی فیض آباد بس اسٹاپ پر کی گئی جس میں پشاور کی رہائشی خاتون اور اٹک سے تعلق رکھنے والے ملزمان سے 1 اعشاریہ 2 کلو گرام چرس اور 300 گرام آئس برآمد ہوئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے منشیات برآمدگی پر کارروائی کی جائے گی۔