جڑی بوٹیوں میں شمار کیے جانے والے ہرے مسالے ادرک کی چائے صرف چائے کے شوقین افراد کے لیے ہی نہیں بلکہ موسمی بیماریوں میں گھرے افراد کے لیے بھی موزوں ہے، ادرک کے مجموعی صحت پر بے شمار حیرت انگیز فوائد جان کر یقیناً ہر کوئی اسے پینا اپنا معمول بنالے گا۔
برسوں سے بطور دوا استعمال کیے جانے والے ادرک سے متعلق ماہرین غذائیت کا کہنا ہے کہ اس میں موجود جز ’جینجرول‘ کے باعث یہ قدرتی طور پر بیماریوں سے لڑنے کی خصوصیات رکھتی ہے۔
بے شمار فوائد کی حامل ادرک کا اگر آپ کو ذائقہ نہیں پسند تو آپ اس کی چائے بنا کر بھی پی سکتے ہیں جس سے اس کی خصوصیات آپ کو براہِ راست حاصل ہوں گی۔
یہ سوزش سے بچاؤ کے لیے بہترین دوا بھی ہے، ادرک میں اینٹی انفلامینٹری خصوصیات موجود ہوتی ہیں جو اس کو پٹھوں اور جوڑوں کی پریشانیوں کا ایک بہترین گھریلو علاج بناتی ہیں، ادرک کی چائے پینے کے علاوہ اس کا استعمال سوزش والے جوڑوں کو آرام دینے کے لیے بھی کیا جا سکتا ہے۔
قدرتی طور پر طبی جز رکھنے والی ادرک کی چائے حاملہ خواتین کو متلی اور مارننگ سکنس سے بچاسکتی ہے، سستی کا حاوی رہنا ، پٹھوں میں درد، سوجن اور تھکاوٹ کا بہترین علاج ہے، ادرک کی چائے مضر اثر سے پاک بھی ہے۔
اگر دائمی بد ہضمی کی شکایت ہو تو ادرک کی چائے کا استعمال آج ہی سے شروع کردیں اور پیٹ سے متعلق تمام امراض کو بھلادیں، ادرک کی چائے کھانا ہضم کرنے میں مدد اور گیس ہونے سے بچاتی ہے، صبح نہار منہ یا دوپہر میں استعمال کریں۔
غذائیت سے بھر پور جڑی بوٹی ادرک کی چائے قوت مدافعت بڑ ھاتی ہے اور تھکن اور بوجھ پن کو دور کرتی ہے، اس میں موجود وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈنٹ سے جسم سے فاضل مادے نکل جاتے ہیں جس سے جسم کو موسمی بیماریوں اور انفیکشن سے لڑنے میں قدرتی طور پر آسانی ہوتی ہے۔