اسلام آباد: تحریک عدم اعتماد سے قبل وزیراعظم عمران خان کو بڑا دھچکا لگ گیا، اتحادیوں کو مناتے مناتے اپنے 28 ایم این ایز ہاتھ سے نکل گئے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں نے تحریک عدم اعتماد سے قبل اپنے ٹرمپ کارڈز کھولنا شروع کردیئے، تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے 28 ایم این ایز کی جانب سے وفاداریاں تبدیل کرنے کی اطلاعات سامنے آگئیں۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ 17 ایم این ایز نے پاکستان مسلم لیگ ن، 8 نے پاکستان پیپلز پارٹی اور تین نے جے یو آئی ف کے ساتھ وفاداری کا وعدہ کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق پی ٹی آئی کے تین وفاقی وزرا بھی وزیراعظم عمران خان کے ڈوبتے جہاز سے کودنے کو تیار ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے جو اراکین سندھ ہاؤس میں اس وقت قیام پذیر ہیں ان میں راجہ ریاض، نواب شیر وسیر، رانا قاسم نون، غفار وٹو، نور عالم خان، ریاض مزاری، باسط بخاری، خواجہ شیراز، احمد حسن ڈیہڑ، نزہت پٹھان، رمیش کمار اور وجیہہ اکرم،رمیز خان شامل ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ سندھ ہاؤس میں مقیم ایم این ایز کے ناموں کی فہرست وزیراعظم عمران خان کو بھجوا دی گئی ہے۔
دریں اثناء ایم این اے کے رکن رمیش کمار جو کہ بھی سندھ ہاؤس میں مقیم ہیں، انہوں نے پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کیا ہے۔
رمیش کمار نے دعویٰ کیا ہے کہ تین وفاقی وزراء حکمران جماعت چھوڑ چکے ہیں تاہم انہوں نے وزراء کے نام نہیں بتائے۔
مزید پڑھیں:اچھا ہوا ضمیر فروش بے نقاب ہو گئے، بلیک میل نہیں ہوں گا، وزیر اعظم