کراچی : سجن یونین کے صدر ذوالفقار شاہ نے کہا ہے کہ سجن یونین کراچی کے بلدیاتی ملازمین کے حقوق کی جنگ لڑتی رہے گی، سندھ ہائی کورٹ کی تعطیلات کے خاتمے کے بعد تنخواہوں میں اضافے، پنشن میں اضافے، اپ گریڈیشن، ٹائم اسکیل اور پنشنری بینفٹ کی ادائیگی کیلئے علیحدہ علیحدہ پٹیشن دائر کرے گی،حکومت سندھ اور کے ایم سی و ڈی ایم سیز کو فریق بنایا جائے گا۔
سجن یونین کے صدر سید ذوالفقار شاہ نے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے بلدیاتی ملازمین کے حقوق کی جنگ سڑکوں اور عدالتوں میں لڑتے رہیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت مختلف آپشن پر وفاق کی سطح پر غور کرکے محنت کشوں کو بے یقینی میں مبتلا کیا جارہا ہے۔ سندھ ہائی کورٹ کی تعطیلات کے خاتمے کے بعد تنخواہوں، پنشن میں اضافے، اپ گریڈیشن، ٹائم اسکیل اور پنشنری بینفٹ کی ادائیگی کیلئے علیحدہ علیحدہ پٹیشن دائر کی جائیں گی،اس سلسلے میں تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔
حکومت سندھ، کے ایم سی، چھ ڈی ایم سیز کو مقدمات میں فریق بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سجن یونین نے کے ایم سی و ڈی ایم سیز کو 60 ہزار ملازمین اور 22 ہزار پنشنرز کو اَون کرکے انہیں سندھ ہائی کورٹ سے 50 کروڑ کی اسپیشل گرانٹ اور پنشنرز کیلئے ہر ماہ براہ راست 21 کروڑ 60 لاکھ کی ادائیگیاں کروائی جارہی ہیں۔
کسی عوامی نمائندے، سیاسی جماعت نے ان ملازمین اور پنشنرز کو اَون نہیں کیا جو کہ قابل تشویش عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سجن یونین کا کسی سیاسی جماعت، گروپ سے کوئی تعلق نہیں ہے اور وہ خالصتاً خدمت سب کیلئے کے فارمولے پر عمل کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی تنظیمیں صرف اپنے مخصوص ورکرز کو نوازتی ہیں جس سے ناانصافی اور حق تلفی کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے۔
مزید پڑھیں: افسران اورملازمین کی محنت سے عیدآپریشن کامیابی سے ہمکنار ہوا،معیدانور