پاکستانی اداکارہ زارا نور عباس نے زیبائش نامی ڈرامے پر مداحوں کی جانب سے کی جانے والی تنقید کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ خاندان کے ہمراہ ڈرامے میں اداکاری پر تنقید سمجھ سے بالاتر مقصد کے تحت کی گئی جو احمقانہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈرامہ انڈسٹری کی مشہورومعروف اداکارہ زارا نور عباس نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ اگر کوئی بھی اداکار کسی اداکار خاندان سے تعلق رکھتا ہو تو اس سے کسی کو فرق نہیں پڑنا چاہئے کیونکہ ڈرامے کے سیٹ پر آ کر ہم رشتہ داری نبھانے کی بجائے اداکاری پر توجہ دیتے ہیں۔
ڈرامہ ایکٹریس زارا نور عباس نے کہا کہ سب فنکار اپنے اپنے کام کو ترجیح دیتے ہیں۔ زیبائش بھی ایک نجی ٹی وی چینل کا ڈرامہ تھا جس کی کاسٹ ٹی وی چینل نے چنی جس میں اداکار اپنا اپنا کام کر رہے تھے۔ بعض مداحوں نے اس پر بے وقوفانہ تنقید کی۔ ڈاکٹر کا بچہ ڈاکٹر بنے یا فوجی کا بچہ فوج میں بھرتی ہوجائے تو اس پر سوال نہیں ہونا چاہئے۔
اداکارہ زارا نور عباس نے کہا کہ اگر آپ یہ کہیں کہ آرمی والے کا بچہ اس لیے آرمی میں گیا کیونکہ اس کی سفارش کی گئی تو یہ سوچ سمجھ سے بالاتر ہے۔ عہدِ وفا میں میری مزاحیہ اداکاری کی تعریفیں ہوئیں۔ ذاتی طور پر مجھے کامیڈی اور سنجیدہ دونوں قسم کا کام پسند ہے۔ کسی بھی ڈرامے میں کام سے قبل اپنی والدہ اور شوہر سے مشورہ لینا ضروری سمجھتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میرے والد فوج سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کی طبیعت آرمی بیک گراؤنڈ کے باعث ڈراموں اور اداکاری کے خلاف تھی تاہم آج کل ایسی کوئی بات نہیں۔ انہوں نے اداکاری سے منع ضرور کیا تاہم اب سب کچھ ٹھیک بلکہ بہت اچھا ہے۔ تنقید تعمیری ہو تو اچھی بھی لگتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: علی ظفر کا محمد علی سدپارہ کو خراجِ تحسین، گانا ریلیز کردیا