شہرِ قائد میں مسلح ملزمان نے گھر میں گھس کر ڈکیتی کی واردات کی اور سونے کی 2 چوڑیاں اور نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے۔ ملزمان نے تعاقب کرنے پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں نوجوان شہری موقعے پر جاں بحق ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملزمان نے کراچی کے گھروں میں گھس کر لوٹ مار شروع کردی۔ تعاقب کرنے پر فائرنگ کا افسوسناک واقعہ کراچی کے علاقے ماڑی پور میں پیش آیا۔ ملزمان نے نوجوان جاوید پر مبینہ طور پر تعاقب کرنے کی پاداش میں فائرنگ کی۔
کراچی میں ڈاکو راج، مزاحمت پر 2 شہری قتل، 6 زخمی
ماڑی پور پولیس کا کہنا ہے کہ جس علاقے میں واردات ہوئی، وہاں لائٹ نہیں تھی۔ 4 مسلح ملزمان نے شہری جاوید کے گھر میں لوٹ مار کی اور 50 ہزار روپے نقد رقم کے ساتھ ساتھ 2 سونے کی چوڑیاں لوٹ کر فرار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان شہری نے گھر لوٹ کر فرار ہونے والوں کا تعاقب کیا جس پر ملزمان نے اسے گھر سے کچھ ہی فاصلے پر فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں جواں سال جاوید موقعے پر انتقال کرگیا۔
خیال رہے کہ کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر قتل کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔ اس سے قبل کراچی کے دو مختلف علاقوں میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت کی کوشش کرنے پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی۔ 2 شہری جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔
آج سے 18 روز قبل ریسکیو ذرائع کا کہنا تھا کہ ماڈل کالونی اور زمان ٹاؤن میں مشتبہ ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت کی کوشش پر ایک نوجوان دکاندار اور ایک راہگیر کو قتل کردیا جبکہ 6 افراد زخمی ہوگئے۔