وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دوستوں کے ساتھ نہر پر جانے والا 17 سالہ نوجوان گہرے پانی میں ڈوب گیا جس کی لاش نہ ملنے پر نوجوان کے ورثاء نے روڈ بلاک کرکے احتجاج شروع کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اسلام آباد کے تھانہ نیلور کی حدود میں پیش آیا جہاں دلہ چھاپر کی سواں نہر پر دوستوں کے ساتھ نہانے کیلئے جانے والا 17 سالہ نوجوان نہر میں ڈوب گیا۔ واقعے کی بروقت اطلاع کے باوجود پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقعے پر نہ پہنچ سکیں۔
نوجوان کے ورثاء اور دوست احباب پوری رات اپنی مدد آپ کے تحت نوجوان کی لاش تلاش کرتے رہے۔بعدازاں اتوار کی صبح ورثاء نے روڈ بلاک کرکے پولیس اور انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج شروع کر دیا۔17 سالہ ریحان ولد مہربان سید پور گاؤں کا رہائشی تھا۔
گزشتہ روز ریحان شام 4 بجے کے قریب اپنے پانچ رشتہ داروں کے ہمراہ نہانے کیلئے سواں نہر پہنچا جہاں مبینہ طور پر ریحان کا پاؤں پھسل گیا اور وہ نہر میں گر کر ڈوب گیا۔واقعہ کی اطلاع پولیس ، ریسکیو 15 اور شہری انتظامیہ کو دی گئی لیکن رات بھر کوئی مدد کے لئے نہ پہنچا۔
ورثاء گزشتہ شام 4 بجے سے پوری رات اپنی مدد آپ کے تحت نوجوان کی لاش تلاش کرتے رہے۔ اتوار کی صبح 13 ستمبر کو نوجوان کے ورثاء نے پولیس اور انتظامیہ کی بے حسی پرروڈ بلاک کرکے احتجاج شروع کر دیا ہے۔مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ ریحان کو تلاش کرنے میں مدد کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور زیادتی کیس، معلومات فراہم کرنے پر 25 لاکھ کا انعام